اے سی بی نے سینچائی گھپلہ معاملہ میں اجیت پوار کو دی کلین چٹ


ناگپور،6دسمبر(یواین آئی)مہاراشٹر انسداد بدعنوانی بیورو(اے سی بی )نے ودربھ سینچائی گھپلہ معاملہ میں مہاراشٹر کےسابق آبی وسائل کے وزیراور سابق نائب وزیراعلی اجیت پوار کو جمعہ کو کلین چٹ دیدی بامبے ہائی کورٹ میں ناگپور بنچ کے سامنے 27نومبر کو داخل کی گئی دستاویزات کے مطابق مسٹر پوار پر ودربھ سینچائی گھپلہ سے متعلق لگائے گئے سبھی الزامات ختم کردیے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں شیوسینا ،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس کے 28نومبر کو مخلوط حکومت تشکیل دینے سے ایک دن قبل ہی ہائی کورٹ کے سامنے یہ دستاویز داخل کی گئی تھی اور اب حکومت بننے کے تقریبا ایک ہفتہ بعد انکے خلاف سینچائی بدعنوانی معاملہ میں ملوث ہونے کے الزامات ہٹالیے گئے ہیں ۔
اس سے قبل مسٹرپوار کو 70ہزار کروڑ روپئے کے مہاراشٹر سینچائی گھپلہ کے 9معاملوں میں بھی کلین چٹ ملی تھی ،جب انھوں نے بھارتیہ جنتاپارٹی کے لیڈر اور سابق وزیراعلی دیویندر فڑنویس کی حکومت سازی میں حمایت کی تھی ۔دستاویز میں یہ بھی کہاگیاہے کہ ودربھ آبپاشی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے چیئر مین مسٹر پوار کو گھپلوں کے لیے ذمہ دار نہیں ٹھہرایاجاسکتا کیونکہ یہ انکی ذمہ داری کا حصہ نہیں ہے ۔