نئی دہلی، 15دسمبر(سیاسی منظر نیوز) کانگریس کی جنرل سکریٹری گاندھی واڈرا نے وزیراعظم نریندر مودی پر طنزکیا کہ 'مودی ہے تو سارے الٹے کام ممکن ہیں' اور عوام سے اپیل کی کہ اگر ملک اور آئین بچانے کے لئے متحد ہوکر نہیں لڑیں گے تو ملک تقسیم ہوجائے گا جس کے لئے ہم سب ذمہ دار ہوں گے ۔محترمہ واڈرا نے سنیچر کو یہاں رام لیلا میدان میں کانگریس کی 'بھارت بچاو ریلی' سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی حکومت میں خواتین پر مظالم سے لیکر اقتصادی بدحالی، کسانوں کی خودکشی، بے روزگاری، سب کے ساتھ انصاف اور خوف کا ماحول ممکن ہے ۔انہوں نے 'مودی ہے تو ممکن ہے ' کے نعرے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت کے وقت ملک میں بے روزگاری 45برس کی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ خواتین کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے ۔ کسان مسلسل خودکشی کررہے ہیں اور اس حکومت میں اب تک 15ہزار کسان خودکشی کرچکے ہیں۔ حکومت ایسے قانون بنا رہی ہے جس سے آئین خطرے میں پڑ گیا ہے ۔ کارخانہ بند ہورہے ہیں اور لوگوں کی روزی روٹی چھن رہی ہے ۔ مہنگائی بلندی پر پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہی سب اب مودی حکومت میں ممکن ہے ۔کانگریس کی جنرل سکریٹری محترمہ واڈرا نے ملک کے عوامسے ناانصافی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر سے لیکر اروناچل پردیش تک اور اترپردیش سے لیکر تملناڈو تک جہاں میری آواز پہنچ رہی ہے ، میں سب سے کہنا چاہوں گی کہ وہ آواز اٹھائیں۔ ملک کی آواز بنو۔ اگر ہم خاموش رہیں گے تو ہمارا انقلابی آئین تباہ ہوجا ئے گا۔ ملک پھر تقسیم ہوجائے گا اور اس کے لئے ہم اتنے ہی ذمہ دار ہوں گے جتنی بے جے پی ہوگی۔انہوں نے اناو متاثرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ چاروں طرف خواتین کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے اور ان کا استحصال کیا جارہا ہے لیکن ملزمین کو بچایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اناو کی یہ بیٹی ناانصافی کے خلاف لڑر ہی تھی تو اسے جلا دیا گیا لیکن ا س کی حفاظت نہیں کی جارہی۔ متاثرہ کے والد سے ملاقات کی تو مجھے اپنے والد کی یاد آگئی۔ انہوں نے کہاکہ ان کے والد اور اناو متاثرہ کے والدکی بیٹی کا خون اسی زمین میں ملا ہوا ہے ۔
مودی ہے تو سارے ‘الٹے کام’ ممکن ہیں: پرینکا