چنئی09نومبر (پریس ریلیز)۔انڈین یونین مسلم لیگ کے قومی صدر پروفیسر کے ایم قادرمحی الدین نے بابری مسجد۔ رام جنم
بھومی مقدمے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے تعلق سے جاری کردہ اخباری اعلامیہ میں کہا ہے کہ بابری مسجد۔ رام جنم بھومی سے متعلق سالوں پرانے مقدمے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ 9نومبر 2019کو آگیا ہے۔ جس میں چیف جسٹس آف انڈیا کی سربراہی میں سپریم کورٹ آف انڈیا کے پانچ ججوں نے ایک ہی قسم کا فیصلہ دیا ہے۔ بھارتی جمہوریت میں قانونی معاملے میں حتمی فیصلہ دینے کا اختیار سپریم کورٹ کو دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ آخری فیصلہ ہے۔ بابری مسجد۔ رام جنم بھومی مقدمے کے فیصلے میں موجود ہر پہلو پر بحث کرنا آج کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیں لگتا ہے کہ آج کے دور میں یہ ضروری ہے کہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کریں، اسے قبول کریں اور اس کے نفاذ میں ہر ایک کے ساتھ تعاون کریں۔ ہم درخواست کرتے ہیں اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ایک ایسا معاشرے کی تعمیر کرنے کی کوشش کریں جس میں تمام ہندوستانی بھائی چارے اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہوں۔