پابندی کے بعد وارنر کی پہلی سنچری، آسٹریلیا مضبوط


برسبین، 22 نومبر (یو این آئی ) ڈیوڈ وارنر (ناٹ آؤٹ 151) اور مارنس لابچانگے (ناٹ آؤٹ 55) رن کی زبردست اننگز سے آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رن بنا لئے۔آسٹریلیا نے اسی کے ساتھ نو وکٹ باقی رہتے 72 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 240 رن بنائے تھے۔ آسٹریلوی ٹیم نے صبح کے سیشن میں پہلی اننگز کا آغاز کیا اور اوپنر وارنر نے جو برنس کے ساتھ مل کر پہلے وکٹ کے لئے 222 رن کی ڈبل سنچری شراکت کی۔


جو برنس نے 166 گیندوں کی اننگز میں 10 چوکے لگا کر 97 رن بنائے اور اپنی سنچری سے صرف تین رن دور تھے کہ 61 ویں اوور کی آخری گیند پر جاکر مہمان پاکستانی ٹیم کے یاسر شاہ نے انہیں بولڈ کر اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔ آسٹریلیا نے دوسرے دن کھیل ختم ہونے تک برنس کے طور پر واحد وکٹ گنوایا۔ اسٹمپس تک وارنر اور لابچانگے نے دوسرے وکٹ کے لئے 90 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھےداری کر لی ہے۔وارنر نے اپنی 265 گیندوں کی اننگز میں 10 چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 151 رنز اور لابچانگے نے 94 گیندوں کی اننگز میں چھ چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ 55 رن بنا لئے ہیں۔ وارنر کا بال ٹیمپرنگ میں ایک سال کی معطلی کے بعد یہ پہلی اور اوورآل 22 ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ انہیں 52 کے اسکور پر جیون دان ملا جب نسیم نے ان کا کیچ لپک لیا، لیکن یہ نو بال نکلا، وہیں وہ 93 کے اسکور پر رن آؤٹ ہونے سے بھی بچے اور آخر میں اپنے ا سکور کو ڈیڑھ سو سے پار لے گئے اور دو برس کی اپنے ٹسٹ سنچری کی خشک سالی کو بھی ختم کیا۔پاکستان کے بولر پورے دن وکٹ کے لئے جدوجہد کرتے رہے اور چھ بولروں میں صرف یاسر 28 اوور میں 101 رن دے کر ایک وکٹ نکال پائے۔