ممبئی28نومبر (یواین آئی) کانگریس اور این سی پی کی مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈر ادھو بالا کیشو ٹھاکرے کو جمعرات کے دن حلف لینا ہے۔ اس سے قبل کہا گیا تھا کہ یکم دسمبر کو ان کی حلف برداری ہو گی۔ حلف بر داری کی یہ تقریب آج شام 6 بجکر40 منٹ پر شیواجی پارک میں منعقد کی جائےگی۔ ریاستی گورنر شری بھگت سنگھ کوشیاری پہلے ادھو ٹھاکرے کو وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف دلائیں گے اس کے بعد نائب وزیراعلیٰ حلف لیں گے۔ اور پھر ان کے بعد ہی کابینی رفقاءاور پھر وزرائے مملکت کو حلف دلایا جائے گا۔بقول پرفل پٹیل این سی پی سے ایک نائب وزیراعلیٰ ہوگا جبکہ کانگریس کے حصے میں اسپیکر کا عہدہ جائے گا۔
اطلاع کے مطابق ادھو ٹھاکرے کی کابینہ میں مجموعی طور پر41وزراءہوں گے۔شیو سینا کے15وزرا میں11کابینی اورچار وزرا مملکت ہو ں گے ،جبکہ کانگریس کے 13وزیر ہوں گے اور اسپیکر کا عہدہ بھی ا س کے پاس ہی رہے گا۔
این سی پی کے کوٹہ میں بھی13وزیر ہو ں گے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق جن ممکنہ وزراءکے نام سامنے آئے ہیں ان میں این سی پی کی جانب سے اجیت پوار ،جینت پاٹل ،دلیپ ولسے پاٹل ،حسن مشرف ،چھگن بھجبل ، نواب ملک ،راجیش ٹوپے،انیل دیشمکھ،دھننجے منڈے او رجتندر اوہاڑ شامل ہیں۔وزرائے مملکت کے نام واضح نہیں ہو سکے ہیں۔
اسی طرح کانگریس کے لئے جن لوگوں کو کابینہ درجہ کا وزیر بنایا جا سکتا ہے ان میں اشوک چوان،پرتھوی راج چوہان،وجے وڈٹیوار،ستیج پاٹل ،یشومتی ٹھاکرے،کے سی پاڑوی ،وشوا جیت کدم،سنیل کیدار،نتن راﺅت ،نانا پٹولے اور ورشا گائیکواڑ۔ جبکہ شیو سینا سے جن اراکین کو کابینہ میں جگہ مل سکتی ہے ان میں ایکناتھ شندے،سبھاش دیسائی ،گوپی کشن بجوریا،سنیل پربھو،انیل پرب،اودیہ سامنت،دیپک کیسرکر،تانا جی ساونت،گلاب راﺅ پاٹل،سنجے راٹھور،اوراشیش جیسوال،جبکہ راجو شٹی ( سوابھیمان شیتکری سنگھٹنا) بچو کڑو(پرہار) شامل ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ پہلے یہ خبر تھی کہ شیو سینا کے ٹھاکرے فیملی کے پہلے ایم ایل اے ادتیہ ٹھاکرے کو وزیر بنایا جائے گا لیکن فی الحال واضح ہوگیا ہے کہ انہیں وزیر نہیں بنایا جائے گا کیونکہ ادھو ٹھاکرے کے وزیر اعلیٰ بن جانے سے پارٹی چلانے کی پوری ذمہ داری ادتیہ ٹھاکرے پر آجائے گی۔یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کانگریس اپنے کوٹے میں سے سماجو ادی کو وزیر مملکت کا عہدہ دے سکتی ہے جبکہ امین پٹیل کو بھی وزیر مملکت بنائے جانے کا امکان ہے۔
حلف برداری کی رسم میں کانگریس کے وزرائے اعلیٰ ،کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری احمد پٹیل بھی شرکت کر رہے ہیں جبکہ شیو سینا کی جانب سے راج ٹھاکرے کو مدعو کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ شیو سینا کی جانب سے 400کسانوں کو بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ دیا گیا ہے۔ شیو اجی پارک میں حلف برداری کی تقریب پر ہائی کورٹ نے حفاظتی انتظامات کے لئے فکر ظاہر کی ہے جس کے بعد ہی حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے ہیں۔
ادھوٹھاکرے کی حلف برداری آج کئی اہم شخصیات کی شرکت متوقع جانئےکن کو کابینہ وزیر بنایا جائےگا