نئی دہلی،2نومبر (یو این آئی) بی جے پی اقلیتی مورچہ کے نائب صدرعرفان احمد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ رام مندر بابری مسجد مقدمے کا فیصلہ کسی کے بھی حق میں آئے اسے مسلمانوں کو کھلے دل سے قبول کرنا چاہئے اور کسی بھی طرح کا کوئی ایسا رد عمل نہیں ہونا چاہئے جس سے سماجی تانے بانے پر اثرپڑے اور پر امن ماحول میں رخنہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصلہ مندر کے حق میں آتا ہے تو مسلمانوں کو اسے کھلے دل سے قبول کرنا چاہئے اور اگر مسلمانوں کے حق میں آتا ہے تو انہیں اپنے بڑے بھائی (ہندووں) کی آستھا کا خیال رکھتے ہوئے مسجد کی زمین سے مندر کے حق میں دستبردار ہوجاناچاہئے ۔اسی طرح اگر فیصلہ کسی کے حق میں نہیں آتا ہے اور حکومت کے سپرد کردیا جاتا ہے تو حکومت جوبھی فیصلہ کرے اسے بھی مسلمانوں کو قبول کرنا چاہئے ۔مسٹر عرفان نے مزید کہا کہ ہماری توخواہش ہے کہ اس جگہ پر ایک بڑا رام مندر تعمیر ہوجس میں ہندو،مسلم ،سکھ،عیسائی تمام لوگ حصہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنے حق میں فیصلہ آنے پر بھی نہ صرف زمین حوالے کردینا چاہئے بلکہ رام مندر کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔
ہماری خواہش ہے کہ اس جگہ پر بڑا رام مندر تعمیر ہو:بی جے پی اقلیتی مورچہ