گری راج نے بڑھتی آبادی پر دیا بے توکا بیان


نئی دہلی، 27نومبر(سیاسی منظرنیوز) مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہاکہ ملک میں آبادی کنٹرول قانون نہیں بنا تو خانہ جنگی جیسے حالات ہوسکتے ہیں۔
آج پوپیولیشن سولیوشن فاونڈیشن کی بڑی تعداد میں خواتین کارکنوں نے آبادی کنٹرول قانون کی مانگ پر انڈیا گیٹ سے جنتر منتر تک پیدل مارچ نکالا اور مسٹر سنگھ نے اس میں حصہ لینے والوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آبادی کا بڑھنا ایک دھماکہ کی طرح ہے اور تکنیکی طورپر خواہ ہماری آبادی 130کروڑ ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ 150کروڑ سے زیادہ ہے۔
مسٹر سنگھ نے کہاکہ جب تک آبادی کنٹرول قانون نہیں بنے گا تب تمام سہولیات کے لئے لوگوں کو ترسنا پڑے گا اور نہ ہی نوجوانوں کے لئے روزگار کے موقع پیدا ہوں گے۔ ملک کی بڑھتی آبادی تشویش کا موضوع ہے۔
پوپیولیشن سولیوشن فاونڈیشن کے صدر انل چودھری نے کہاکہ آبادی کے بڑھنے کی وجہ سے ملک میں غریبی، ناخواندگی، بے روزگاری وغیرہ مسائل بڑھ رہے ہیں۔
مسٹر چودھری نے کہاکہ ہمارا فاونڈیشن تمام شہریوں کے لئے زیادہ سے زیادہ دو بچوں کا قانون نافذ کرنے کی مانگ کررہا ہے، اس سلسلہ میں 9اگست 2018کو ہندستان کے صدر رامناتھ کووند کو اس قانون کی حمایت میں 125اراکین پارلیمان کے دستخط والاادارہ کا ایک خط سونپا گیا تھا۔
اس پیدل یاترا میں خواتین، جوان لڑکے اور کچھ بچے بھی شامل تھے اور آٹھ برس کا شیوم بھی اس بھیڑ کا حصہ تھا۔ آج وہ اسکول نہیں گیا اور جب اس سے پوچھا گیا کہ وہ یہاں کیوں آیا ہے تو اس نے نہایت معصومیت سے کہا کہ مجھ سے ممی نے کہاکہ آج میلہ دیکھنے چلتے ہیں اور میں میلہ دیکھنے آیا ہوں۔
پروگرام میں آئے لوگوں نے کہاکہ ملک میں آبادی کنٹرول کی مانگ پربیداری لائی جارہی ہے اور جو بھی سیاسی جماعت اس کی مخالفت کرے گی لوگ اس کے خلاف ہوجائیں گے۔