نئی دہلی، 2 نومبر (یواین آئی) جنگلات و ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے قومی دارالحکومت علاقہ میں آلودگی کے بدتر حالات پر تشویش کا اظہار کرتے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال پر آلودگی کو لے کر سیاست کرنے کا الزام لگایا ہے ۔مسٹر جاوڈیکر نے ہفتہ کو ایک پروگرام میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بہت ہی غلط بات ہے کہ ایک آئینی عہدہ پر فائز شخص اس طرح کی سیاست کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی مودی حکومت نے گزشتہ پانچ برسوں میں آلودگی سے نمٹنے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں اور 17 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے ایسٹرن پیری فیرل ایکسپریس وے بنایا ہے جہاں سے یومیہ 60 ہزار ٹرک گزرتے ہیں اور ان ٹرکوں کے دہلی نہ آنے سے بھی آلودگی میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ اس کے علاوہ دارالحکومت میں بدرپور پلانٹ کو بند کرایا گیا ہے اور تین ہزار صنعتوں کوپی این جی سسٹم پر لایا گیا ہے ۔ دارالحکومت سے متصل علاقوں میں تین ہزار اینٹ بھٹوں کو'زگ -زیگ ٹکنالوجی' سے چلایا گیا ہے ۔ مرکزی حکومت نے پنجاب اور ہریانہ حکومت کو 1100 کروڑ روپے دئیے ہیں اور یہ رقم کسانوں کو تقسیم کی گئی ہے تاکہ وہ مشینیں خرید لیں اور پرال ¸ کو ختم کرنے کا کام اس سے کریں۔مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ دہلی کے وزیر اعلی آلودگی پر سیاست کر رہے ہیں اور الزام تراشیوں کے کھیل پر اتر آئے ہیں۔ گزشتہ 15 برسوں میں دارالحکومت کی ہوا کافی بگڑ گئی ہے اور اس مسئلے پر سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے لیکن دہلی حکومت آلودگی کو کم کرنے کا کریڈٹ خود ہی لے رہی ہے اور اس بات کی تشہیر کرنے کے لئے اس نے 1500 کروڑ روپے صرف اشتہارات پر خرچ کئے ہیں۔ اس کے بجائے اگر دہلی حکومت یہ رقم پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں کو دے دیتی تو وہ مشینیں خرید سکتے تھے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی حکومت نے میٹرو کے ایک مرحلہ کے اپنے حصہ کی رقم بھی نہیں دی تھی اور اس معاملہ میں عدالت کو مداخلت کرنا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ ایسٹرن پیری فیرل ایکسپریس وے کے لئے جو 3500 کروڑ روپے دینے تھے وہ نہیں دئیے ، اگر ہم ایک دوسرے پر اسی طرح الزام لگاتے رہے تو بہت سے مسئلہ اٹھ کھڑے ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو آلودگی سے راحت دلانے کیلئے تمام فریقوں کی ذمہ داری ہے اور مسٹر کجریوال ہریانہ اور پنجاب حکومت پر الزام لگانے کی بجائے پنجاب، ہریانہ، راجستھان اور دہلی کو ایک ساتھ مل کر آلودگی سے نجات حاصل کرنے کا طریقہ تلاش کرنا ہوگا۔مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ مسٹر کجریوال اس لڑائی میں بچوں کو شامل کر رہے ہیں اور ہریانہ اور پنجاب کے وزیر اعلی کو وہ بچوں کے سامنے ایک کھلنائیک(ولن) کی طرح پیش کر رہے ہیں۔
جاوڈیکر کا کجریوال پر آلودگی پر سیاست کر نے کا الزام