بزرگ خاتون کو ڈائن قرار دے کر گاؤں نے ظلم کی انتہا کردی، بیٹی نے کہا کہ ’’دیوبھومی شرم سار‘


بزرگ خاتون کو ڈائن قرار دے کر گاؤں نے ظلم کی انتہا کردی، بیٹی نے کہا کہ ''دیوبھومی شرم سار'


شملہ، 10 نومبر (یو این آئی)ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں چار دن پہلے ایک بزرگ خاتون کو 'ڈائن' قرار دیتے ہوئے اس کے ساتھ کی گئی زیادتی اور ذلت کے سلسلے میں خاتون کی بیٹی نے آج کہا کہ اس کی وجہ سے دیو بھومی شرمسار ہے۔ضلع میں سرکار گھاٹ سے منسلک گاہر پنچایت کے سماحل گاؤں میں 6 نومبر کو 81 سالہ بزرگ خاتون کے بال کاٹ کر ، منھ کالا کرکے اور جوتوں کی مالا پہنا کر جلوس نکالا گیا تھا۔ اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہونے کے بعد وزیراعلی جے رام ٹھاکر نے جانچ کا حکم دیا جس کے بعد اس معاملے میں پولس نے 21 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جس میں 14 مردوخواتین شامل ہیں۔متاثرہ کی بیٹی ترپتا نے کہاکہ ایک سابق فوجی کی بیوہ سے دھرم کے نام پر ظلم کی ساری حدیں پار گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے آبائی ضلع میں ہوئےاس واقعہ نے پوری دیوبھومی کو شرمسار کردیا ہے۔انہوں نے وزیراعلی جے رام ٹھاکر سے منڈی کے پولس انسپکٹر کو بدلنے اور سرکارگھاٹ پولس تھانہ کے ایس ایچ او سمیت ذمہ دار پولس اہلکاروں کو برخاست کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔اس واقعہ میں لوگوں کی گرفتاری کی وجہ سے صورت حال تناؤ سے پر ہے جس کی وجہ سے سرکاگھاٹ میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ جیسے ہی واقعہ کے بارے میں پتہ چلا انہوں نے ایس پی منڈی کو جانچ کے احکامات دے دیئے ہیں اور اس معاملے میں جولوگ بھی ملوث ہیں ان کے خلاف جانچ اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوںنے یہ بھی کہا ہے کہ یہ واقعہ غیر انسانی ہے اور برداشت سے باہر ہے۔