بالا صاحب ٹھاکرے کے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دیگر پارٹیوں کا سہارا لیا: ادھو ٹھاکرے


ممبئی 22؍نومبر /ریاست مہاراشٹر میں جو سیاسی بحران جاری ہے اور ریاست آج کل جس حالات سے گزر رہی ہے اس کی ذمہ دار صرف اور صرف بی جے پی ہے ان خیالات کا اظہار شیوسینا صدر ادھو ٹھاکرے نے کیا۔
سینا صدر نے اپنی رہائش گاہ ماتوشری پر شیوسینا کے نومنتخب اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کا اگلا وزیر اعلی شیوسینا کا ہی ہو گا نیز سینا لیڈر آنجہانی بال ٹھاکرے کو انہوں نے جو وعدہ کیا تھا اب اس کو پورا کرنے کا وقت آ گیا ہے ۔
اراکین اسمبلی سے بالمشافہ ملاقات کرتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ آپ ہماری طاقت ہیں اور ہم سب مل کر مہاراشٹر کی عوام کی طاقت ہیں ۔
انہوں نے بی جے پی پر سخت لفظوں میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہماری ہمنوا سیاسی پارٹی تھی اور انتخابات سے قبل دونو ں پارٹیوں کے درمیان وزیر اعلی کے عہدے کے لئے عہدوپیمان ہوئے تھے جس کے تحت پانچ سالہ دور اقتدار میں نصف نصف معیاد دونوں پارٹیوں کے لیڈران کو وزیر اعلی کے عہدے پر برقرار رکھے جانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بی جے پی نے اپنے وعدے سے مکر گئی نتیجے میں ہم نے بالا صاحب ٹھاکرے کے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دیگر پارٹیوں کا سہارا لیا ۔
سینا صدر نے اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریاست میںشیوسینا کو اقتدار حاصل کرنے کے دوران جس خوف کے ماحول سے گزرنا پڑا تھا اسے ختم کرنے کیلئے انہوں نے فرداً فرداً اراکین اسمبلی سے ملاقات کرنے کا اہتمام کیا تھا ۔