اڈوپی،20نومبر/ یوگ گرو بابا رام دیو نے مودی حکوت سے گئو کُشی پر مکمل پابندی عائد کرنے اور ملک میں یونیفارم سول کوڈ نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے پانچ دنوں کے یوگ کیمپ کے تحت منعقد سنت اجلاس سے منگل کی دیر رات خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کے لیے مرکز پر دباؤ بنانے کے مقصد سے ایک مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ملک کے عوام کو بیدار ہونے اور یکساں سول کوڈ کی اہمیت کو محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔
بابارام دیو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آئین کے معمار ڈاکٹر بی آرامبیڈکر نے خود بھی یونیفارم سول کوڈ کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ملک کو متحد رکھنے کے لیے اس سلسلے میں پہل کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ 50 برسوں میں ملک کی تعداد 150 کروڑ عبور نہیں کرنی چاہیے کیونکہ ہم اس سے زیادہ افراد کی ضرورتیں پوری کرنے کے اہل یا تیار نہیں ہیں۔ یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب حکومت آبادی پر قابو پانے کے لیے کوئی قانون بنائے گی۔
با بارام دیو نے گئو کُشی پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو گوشت خور ہیں ان کےپاس متبادل کی کمی نہیں ہے اور وہ کوئی دوسرا گوشت بھی کھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم سماج کو گئو کُشی کی مخالفت کرنی چاہیے۔
گئو کُشی پرپابندی، یکساں سول کوڈ نافذ ہو: رام دیو