اندور ،15نومبر(یواین آئی)شاندار فارم چل رہے اوپنر مینک اگروال (243)کی بہترین دوہری سنچری سے عالمی نمبر ایک ٹیم ہندستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو چھ وکٹ پر 493رن بناکر مہمان ٹیم پر اپنا شکنجہ کس دیا۔ہندستان کے پاس اب 343رن کی بڑی سبقت ہوگئی ہے ۔
۔28سالہ مینک نے جارح بلے باز ویریندرسہواگ کے اندا زمیں چھکا لگاکر اپنی دوہری سنچری پوری کی اور ساتھ ہی اپنا بہترین اسکوربھی بنایا۔مینک نے اس سے پہلے جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو سیریز میں 215رن بنائے تھے ۔مینک کی یہ تیسری سنچری ہے جس میں دودوہری سنچریاں شامل ہیں ۔مینک نے 330گیندوں میں 28چوکوں اور آٹھ چھکوں کی بدولت 243رن بنائے ۔
مینک کی یہ دوہری سنچری ریکارڈز کے لحاظ سے بھی دلچسپ رہی ۔انھوں نے نہ صرف سہواگ اسٹائل میں چھکا لگاکر دوہری سنچری مکمل کی بلکہ اوپنر کی شکل میں سب سے زیادہ دوہری سنچری بنانے کے معاملہ میں وینومانکنڈ اور وسیم جعفر کی بھی برابری کرلی جن کے نام دودودوہری سنچریاں ہیں ۔سابق اوپنر سنیل گاوسکر نے تین اور سہواگ نے چھ دوہری سنچریاں بنائی ہیں ۔
سب سے کم اننگز میں دودوہری سنچری بنانے کے معاملہ میں مینک دوسرے نمبر پر ہیں ۔ونود کامبلی نے پانچ اننگز میں دودوہری سنچریاں بنائیں تھیں جبکہ مینک نے بارہ اننگز میں ۔ڈان بریڈمین نے اس کے لیے 13اننگز لی تھیں ۔
مینک کی دوہری سنچری کے ساتھ ہندستان کے لیے ایک انوکھاریکارڈ بن گیا۔ہندستان پہلی ایسی ٹیم ہے جس کی لگاتار چار ٹسٹ میچوں میں دوہری سنچریاں بنی ہیں ۔مینک نے ویژاگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 215،وراٹ کوہلی نے پونے میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناٹ آؤٹ 254،روہت شرما نے رانچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف 212اور اب اندور میں مینک نے بنگلہ دیش کے خلاف 243رن بنائے ہیں ۔
مہدی حسن نے مینک کو ابو زید کے ہاتھوں کیچ کراکے انکی شاندار اننگز کا خاتمہ کردیا۔مینک نے چتیشور پجارا (54)کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 91رن ،نائب کپتان اجنکیا رہانے (86)کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لیے 190رن اور رویندر جڈیجہ (ناٹ آؤٹ 60)کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 123رن کی شراکت داری کی ۔
پجارا نے 72گیندوں کی اپنی اننگز میں 9چوکے لگائے جبکہ سنچری سے چوک گئے رہانے نے 172گیندوں کی اننگز میں 9چوکے لگائے ۔کپتان وراٹ کوہلی کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے
جڈیجہ 76گیندوں میں ناٹ آؤٹ 60رن میں چھ چوکے اور دوچھکے لگاچکے ہیں ۔
ہندستان نے صبح ایک وکٹ پر 86رن سے آگے کھیلنا شروع کیاتھا۔مینک نے 37اور پجارا نے 43رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ہندستان نے صبح کے سیشن میں پجارا اور وراٹ کے وکٹ کھوئے ۔لنچ تک ہندستان کا اسکور تین وکٹ پر 186رن تھا۔ہندستان نے دوسرے سیشن میں کوئی وکٹ نہیں گنوایا اور اپنا اسکور 303تک پہنچادیا۔آخری سیشن میں رہانے ،مینک اور ردھی مان ساہا کے وکٹ گرے ۔
صبح کے سیشن میں تیزگیندباز ابوزید نے جب پجارا اور وراٹ کے وکٹ 14رن کے وقفہ میں لیے تو ہندستانی ٹیم اچانک مشکل میں نظر آنے لگی لیکن مینک نے تقریبا دن بھر شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ہندستان کو مضبوط حالت میں پہنچایادیا۔
نائب کپتان رہانے کی بدقسمتی رہی کہ وہ اپنی سنچری نہیں بناسکے ۔رہانے کو بھی زید نے آؤٹ کیا۔مینک کا وکٹ مہدی حسن نے لیا جبکہ انکا کیچ زید نے لیا۔وکٹ کیپر ردھی مان ساہا کو عبادت حسین نے بولڈ کیا۔ساہا نے 11گیندوں میں 12رن کی اننگز میں دوچوکے لگائے ۔
ساہاکا وکٹ گرنے کے بعد میدان میں اترے گیندباز امیش یادو نے کافی جارحانہ بلے بازی کی اور اور عبادت کے اوور میں لگاتار دوچھکے لگائے ۔دریں اثنا آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے اپنی 14ویں نصف سنچری مکمل کی ۔ہندستان نے پورے دن کے کھیل میں 400رن بھی پورے کیے ۔اسکی ٹسٹ تاریخ میں یہ تیسرا موقع ہے جب اس نے ایک دن میں 400رن بنائے ہیں ۔
ہندستان نے اس سے پہلے سری لنکا کے خلاف 10۔2009میں ممبئی میں ایک دن میں 443رن اور کانپور میں 417رن بنائے تھے ۔اسٹمپ پر جڈیجہ کے ساتھ امیش محض 10گیندوں میں ایک چوکے اور تین چھکوں کی مددسے 25رن بناکرکریز پرتھے ۔
بنگلہ دیش کی طرف سے زید نے 25اوور میں 108رن دیکر چاروکٹ لیے ہیں ۔
مینک اگروال کی دوہری سنچری سے ہندستان مضبوط