جے این یوطلباءکی حمایت میں آئے شرد یادو


پٹنہ 18 نومبر / لوک تانترک جنتادل کے لیڈر اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو نے جواہر لال نہرو یونیورسیٹی( جے این یو ) کے ہاسٹل کی فیس میں اضافہ کی مخالفت میں طلباءکے پر امن مظاہر ہ کی حمایت کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے فیس اضافہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
مسٹر یادو نے آج یہاں بیان جاری کر کے کہاکہ جے این یو ہاسٹل کی فیس بڑھائے جانے کی مخالفت میں طلباءکے پرامن مظاہرہ کی وہ حمایت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ طلباءکے مظاہرہ کے بعد ہاسٹل فیس اضافے میں جو کمی کی گئی ہے وہ موجود شرح سے ابھی بھی زیادہ ہے ۔ اس سے غریب طلباءکو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس لئے حکومت کو غریب طلباءکے مفاد کا خیال کرتے ہوئے فیس اضافہ کے فیصلے کو واپس لینے کا حکم جے این یو انتظامیہ کو دینا چاہئے ۔
سابق مرکزی وزیر نے کہاکہ مرکزی حکومت جان بوجھ کر تعلیم کی لاگت بڑھا رہی ہے اور میڈیا کے توسط سے ماحول بنارہی ہے کہ جے این یو جیسے ادارے کو مفت میں تعلیم کیوںدی جائے ۔ انہوںنے حکومت پر تعلیم کا بجٹ کم رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان میں تعلیم پر جی ڈی پی کا صرف 3 فیصد ہی خرچ کیاجاتاہے ۔ جبکہ دیگر ملکوں میں تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کا چھ سے سات فیصد تک ہوتاہے ۔
مسٹر یادو نے کہاکہ حکومت تعلیم کے نظام کو صحیح کرنے کے بجائے اسے تہس نہس کرنے میں مصروف ہے ۔ جو بیحدافسوسناک ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ حکومت ایسا کام کر رہی ہے جس سے تعلیم کے شعبہ میں جانے والے خواہشمند تاجر گھرانوں کو موقع مل سکتاہے ۔ اس حکومت کی منشا ہے کہ ہر شعبہ کو نجی کمپنیوںکو سپرد کردیاجائے جسے ملک کبھی بھی برداشت نہیں کرسکتاہے ۔