نئی دہلی، 6نومبر (یو این آئی) نقدی کی کمی اور بازار کی ناکامی کی و جہ سے ملک کے مختلف شہروں میں 1600سے زائد اٹکی پڑی کفایتی رہائش اسکیموں کا کام پورا کرنے کے لئے حکومت نے 25ہزارکروڑ روپے کی شروعاتی رقم کے ساتھ ایک متبادل سرمایہ کاری فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں بدھ کو یہاں ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہان اسکیموں میں 4.58لاکھ مکانات اٹکے پڑے ہیں۔ ان مکانات کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کے لئے خصوصی التزام کے تحت ایک متبادل سرمایہ کاری فنڈ (اے آئی ایف) قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شروعات میں مرکزی حکومت اپنی طرف سے اس میں دس ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کرے گی اور پندرہ ہزار کروڑ کی رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا اور لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا سے دستیاب کرائی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ان اسکیموں کو مکمل کرنے کے لئے ایک اسکریواکاونٹ بناکر رقم اس میں ڈالی جائے گی او ر جیسے جیسے بلڈر تعمیر کا کام مکمل کرے گامرحلہ وار طریقہ سے اسے پیسہ دیا جائے گا۔ اسے کام پورا کرنے تک کے لئے پیسہ دیا جائے گا۔ بلڈر اس پیسے کا استعمال صرف اور صرف اسکیم کا ادھورا کام مکمل کرنے کے لئے ہی کرسکے گا۔ اس کی نگرانی کی ذمہ داری ایس بی آئی کیمپ کو دی گئی ہے۔
اٹکی پڑی رہائشی اسکیموں کے لئے 25ہزار کروڑ روپے کا خصوصی فنڈ قائم کیا جائے گا:نرملا سیتارمن