برسبین، 21 نومبر (یواین آئی ) مشیل اسٹارک (52 رن پر 4 وکٹ) اور پیٹ کمنز (60 رن پر 3 وکٹ) کی خطرناک گیند بازی سے آسٹریلیا نے پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن جمعرات کو پاکستان کے لیے 86.2 اوور میں 240 رنز پر ڈھیر کر دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور 75 رنز کی مضبوط آغاز کے بعد اس کی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ پاکستان نے 75 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد 19 رنز کے وقفے میں پانچ وکٹ گنوائے اور اس کا اسکور ایک جھٹکے میں پانچ وکٹ پر 94 رن تک پہنچ گیا۔ مہمان ٹیم اس کے بعد سنبھل نہیں سکی اور 240 تک ہی پہنچ سکی۔ پاکستان نے اپنے آخری چار وکٹ صرف 13 رن جوڑ کر گنوائے۔پاکستان کے لیے اسد شفیق نے 134 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 76 رن بنائے۔ اوپنر شان مسعود نے 97 گیندوں پر تین چوکوں کے سہارے 27 رن اور کپتان اظہر علی نے 104 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 39 رن بنائے۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے 34 گیندوں میں سات چوکے جڑتے ہوئے 37 رن اور یاسر شاہ نے 83 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے۔
حارث سہیل (1)، بابر اعظم (1) اور افتخار احمد (7) سستے میں آؤٹ ہوئے۔ پانچواں وکٹ 94 رن پر گرنے کے بعد شفیق اور رضوان نے چھٹے وکٹ کے لئے 49 رن کی ساجھےداری کی۔ شفیق نے پھر یاسر شاہ کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 84 رن جوڑے جو پاکستان کی اننگز کی سب سے بڑی شراکت رہی۔ اس شراکت کے ٹوٹنے کے بعد پاکستان کی اننگز کو سمٹنے میں زیادہ وقت نہیں لگا۔ شفیق نویں بلے باز کے طور پر 82 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کے لیے اسٹارک نے 18.2 اوور میں 52 رن پر چار وکٹ اور کمنز نے 22 اوور میں 60 رن پر تین وکٹ لئے۔ جوش ہیزل وڈ نے 20 اوور میں 46 رن پر دو وکٹ اور ناتھن لیون نے 17 اوور میں 40 رن پر ایک وکٹ لیا۔
پاکستان پہلی اننگز میں 240 پر ڈھیر