سونیا گاندھی سے ہوگی شرد پوار کی ملاقات
نئی دہلی،4 نومبر / مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے سلسلے میں چل رہی کھینچ تان کے درمیان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار پیر کو کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گے ۔سیاسی گلیاروں میں ایسی تذکرہ ہے کہ مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شیو سینا کے درمیان رضامندی قائم نہیں ہوتی ہے ، تو کانگریس اور این سی پی شیو سینا کو حمایت دینے پر غور کر سکتی ہے ۔مہاراشٹر میں حکومت بنانے اور محکموں کی تقسیم کے معاملے میں دونوں پارٹیوں میں تعطل برقرار ہے ۔واضح رہے کہ مہاراشٹر میں حالیہ ہوئے اسمبلی انتخابات میں 288 سیٹوں میں سے بی جے پی نے 105 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ شیو سینا 56 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ ادھر سیاسی تعطل کے درمیان شیو سینا لیڈر سنجے راوت نے این سی پی لیڈر اجیت پوار کو پیغام بھیجا تھا ۔ موبائل پر بھیجے گئے پیغام میں مسٹر راوت نے لکھا“ نمسکار میں سنجے راوت، جے مہاراشٹر”۔
دہلی کی 'دم گھونٹنے والی فضا'میں پیر سے طاق اور جفت فارمولہ نافذ
نئی دہلی،4نومبر/خطرناک سطح کی فضائی آلودگی کی گرفت میں 'چھٹپٹاتی' قومی دارالحکومت میں پیر کی صبح آٹھ بجے سے طاق اور جفت منصوبہ نافذ ہوگیا اور اس دوران سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کم دیکھی گئی۔وزیراعلی اروند کیجریوال اور دہلی کے وزیر تعلیم منیش سیسودیا فضائی آلودگی کے تئیں بیداری کی مثال پیش کرتے ہوئے سائکل سے دفتر پہنچے ۔مسٹر کیجریوال نے ٹویٹ کرکے لوگوں سے اپنے بچوں اور شہر کے لئے اس منصوبے پر عمل کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے سرکاری مشینری سے بھی یہ یقینی بنانے کو کہا کہ پابندی کی وجہ سے کسی کو بلاوجہ کوئی پریشانی نہ ہو۔مسٹر کیجریوال نے کہا،“نمستے دہلی! آلودگی کم کرنے کے لئے آج سے طاق -جفت شروع ہورہا ہے ۔اپنے لئے ،اپنے بچوں کی صحت کے لئے اور اپنے کنبے کی سانسوں کے لئے طاق -جفت پر عمل ضرور کریں۔ایک دوسرے کی گاڑی مل جل کر استعمال کریں۔اس سے دوستی بڑھے گی،رشتے بنیں گے ،پٹرول بچے گا اور آلودگی بھی کم ہوگی۔دہلی پھر کر دکھائے گی۔”یہ منصوبہ 15نومبر تک صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک نافذ ہوگا۔آج جفت نمبر والی گاڑیوں کو سڑکوں پر اترنے کی اجازت ہے ۔ٹریفک پولیس نے آج صبح ایک شخص کا چالان بھی کاٹا ہے ۔مسٹر کیجریوال نے قومی دارالحکومت میں طاق-جفت منصوبہ نافذ ہونے سے کچھ ہفتے پہلے 12اکتوبر کو یہ اعلان کیاتھا کہ سلامتی کے پیش نظر خواتین ڈرائیوروں کو اس میں راحت دی جائے گی۔انہوں نے کہا تھا کہ اس منصوبہ سے ان کاروں کو راحت دی جائے گی،جن میں خواتین ڈرائیور اکیلی ہوں گی،ان میں صرف خواتین ہوں گی اور ان کے ساتھ 12سال سے کم عمر کے بچے ہوں گے ۔جبکہ ٹو ویلر چلانے والوں کو اس منصوبے سے راحت دی گئی ہے ۔اس بار پرائیویٹ سی این جی گاڑیوں کواس منصوبے میں شامل کیاگیا ہے ۔یہ منصوبہ دہلی حکومت 'سیون پوائنٹ ونٹرایکشن پلان' کے تحت سردیوں میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے لارہی ہے ۔وزیراعلی نے دہلی کے عوام سے اس بار دیوالی کے موقع پر پٹاخے نہ جلانے کی اپیل بھی کی تھی۔اس سال دہلی حکومت نے دیوالی کے موقع پر دہلی کے کناٹ پلیس علاقے میں لیزر شو کا انعقاد کیاتھا۔
پرینکا چوپڑا دہلی میں بڑھتی آلودگی کے لئے فکرمند
نئی دہلی،4نومبر/مشہور اداکارہ پرینکا چوپڑا نے دہلی میں بڑھتی فضائی آلودگی کے سلسلے میں فکرمندی کا اظہار کیا ہے ۔پرینکا چوپڑا ان دنوں دہلی میں اپنی آنے والی نیٹ فلکس فلم دی وائٹ ٹائگر کی شوٹنگ کرر ہی ہیں۔دہلی میں آلودگی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے ۔پرینکا چوپڑانے بھی اس فضائی آلودگی کے سلسلے میں تشویش کا اظہار کیا ہے اور بتایا ہے کہ انہیں بھی آلودگی کی وجہ سے شوٹنگ کرنے میں دقت ہورہی ہے ۔پرینکا انسٹا گرام پر ایک پوسٹ کے ذریعہ اپنی اس تشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اپنی بات کہی ،جس میں انہوں نے ماسک پہنا ہوا ہے ۔انسٹا گرام پر اس تصویر کے ساتھ پرینکا چوپڑا نے لکھا ہے -اس شہر میں'دی وائٹ ٹائگر ' کی شوٹنگ کرنا فی الحال مشکل ہورہا ہے ،مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ ایسے ماحول میں کیسے رہ رہے ہیں۔شکر ہے کہ ہمارے پاس ایئر پیوری فائر اور ماسک جیسی سہولت ہے ۔غریبوں اور بے گھروں کے لئے دعا کریں۔سبھی لوگ اپنا خیال رکھیں۔”اس سے پہلے پرینکا چوپڑا نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ کے ذریعہ بتایا تھا کہ وہ دہلی میں ہیں اور فلم کی شوٹنگ کررہی ہیں۔وہیں انہوں نے پہلے بھی آلودگی کے سلسلے میں اپنی آواز اٹھائی ہے اورایک بار انہوں نے دیوالی پر پٹاخے نہ جلانے کی بھی اپیل کی تھی ۔پرینکا نے ایک بار اس بات کا انکشاف کیاتھا کہ انہیں دمہ کی بیماری ہے ۔ایسے میں انہیں زیادہ دقت بھی ہوتی ہے ۔
مغربی دہلی میں شدید آگ،فائربریگیڈکے تین اہلکار جھلسے
نئی دہلی،4نومبر(یواین آئی)مغربی دہلی کے پیراگڑھی علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت میں پیر کو شدید آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کے دوران فائربریگیڈ کے تین اہلکار جھلس گئے ۔فائربریگیڈ کے ذرائع نے پری کو بتایا کہ آج صبح آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔اس کے بعد فائربریگیڈ کے 25اہلکاروں کو جائے وقوع پر روانہ کیاگیا ہے ۔آگ پر قابو پانے کی مہم کے دوران عمارت گر گئی۔اس دوران فائربریگیڈ کے تین اہلکار جھلس گئے ۔اس حادثے میں کسی دیگر کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے ۔آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے ۔
مدھیہ پردیش حکومت کے خلاف آج بی جے پی کا مظاہرہ
بھوپال،04نومبر/ مدھیہ پردیش میں کسانوں کی قرض معافی ، قدرتی آفات سے متاثرہ کسانوں کو معاوضہ دینے اوربجلی بل سے متعلق مسائل کے سلسلے میں آج اہم اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کمل ناتھ حکومت کے خلاف پورے ریاست میں مظاہرہ کرے گی۔'کسان آکروش آندولن' کے نام سے کیے جانے والے مظاہرے کی قیادت میں اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن گوپال بھارگو کریں گے ۔ مسٹر بھارگو کی قیادت میں پارٹی کے کارکنان صبح 11 بجے کے آس پاس کلیکٹر دفتر کے قریب پہنچیں گے ۔
شیوراج' کسان آکروش آندولن'میں شامل ہونے ریواپہنچے
ریوا،4نومبر/بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کے نائب صدر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ ریاستی حکومت ناانصافی کرے گی تو پارٹی کے کارکنان اور رہنما خاموش نہیں رہیں گے ۔مسٹر چوہان نے یہاں بی جے پی کی جانب سے منعقد 'کسان آکروش آندولن 'میں شرکت کی۔اس موقع پر سابق وزیر راجیندر شکل اور پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی بھی موجود تھے ۔مسٹر چوہان نے کہا کہ آج سے پوری ریاست میں تحریک کی شروعات ہورہی ہے ۔اب ہم سبھی کو اپنے حق لینے کے لئے جدوجہد کرنی ہے ۔اب ہمیں خاموش نہیں بیٹھنا ہے ۔اب ہم حکومت کو دکھائیں گے کہ ہم ناانصافی ہونے کی صورت میں خاموش بیٹھنے والے نہیں ہیں۔مسٹر چوہان کو کچھ کسانوں کی خراب ہوئی دھان کی فصل کے سلسلے میں واقف کرایاگیا۔کسانوں کا کہناتھا کہ انہیں ابھی تک راحت یا معاوضے کی رقم نہیں ملی ہے ۔
بستی میں کھلے گا سائبر پولیس اسٹیشن
بستی:04 نومبر/ اترپردیش کے ضلع بستی میں سائبر کرائم کو روکنے کے لئے سائبر پولیس اسٹیشن کھولا جائے گا۔ آفیشیل ذرائع نے پیر کو بتایا کہ ضلع کے لال گنج تھانہ علاقے کے چھرونچھا گاوں میں سائبر تھانہ کھولا جائے گا جس سے سائبر جرائم کرنے والوں پر تیزری سے کاروائی کی جاسکے گی۔سائبر تھانہ سوشل میڈیا کی بھی نگرانی کرے گا۔ سائبر تھانہ بستی ڈویژن کے بستی، سدھارتھ نگر، سنت کبیر نگر اضلاع میں سائبر کرائم روکھنے کے لئے مثبت کاروائی کرے گا۔ تھانہ سائبر کرائم کے سبھی معاملوں میں مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے اور ڈیجیٹل ثبوت اکٹھا کرنے میں ضروری تکنیکی تعاون فراہم کرے گا۔سائبر کرائم سے متعلقہ معاملے کی شکایت میل، وہائس ایپ اور فون پر کی جاسکے گی اس کے لئے فون نمبر،میل آئی ڈی اور وہاٹس نومبر جاری کئے جائیں گے ۔
اجودھیا معاملے میں عدالت کے فیصلے کا احترام کریں: نریندر گری
پریاگ راج:04 اکتوبر/ اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے صدر نریندر گری نے سادھو سنتوں اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اجودھیا معاملے میں سپریم کورٹ کے ہر فیصلے کا احترام کرتے ہوئے سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والا کوئی قدم نہ اٹھائیں۔مہنت گری نے پیر کو کہا کہ بی جے پی کے سکریٹری سنیل بنسل سے انہوں نے کل لکھنو میں ملاقات کی تھی،ملاقات کے دوران اجودھیا معاملے میں سپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے پر تبادلہ خیال کے ساتھ سماجی ہم آہنگی کو قائم رکھنے کے سلسلے میں بھی بات ہوئی ہے ۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے آنے والے فیصلے کو دیکھتے ہوئے سادھوں۔سنتوں اور سبھی افراد سے امن و شانتی بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے ۔اکھاڑے کے صدر نے کہا کہ قومی سالمیت اور اتحاد کو یقینی بنانے سماجی ہم آہنگی کا ہونا ضروری ہے ۔دہائیوں پرانے متازع زمین معاملے میں عدالت کا جوبھی فیصلہ ہوسبھی کو اس کا احترام کرنا چاہئے ۔
ہندوستان-بحرالکاہل خطے میں،ہندوستان -جاپان نے باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا
بینکاک،4نومبر/ہندوستان اورجاپان نے ہندوستان -بحرالکاہل خطے میں امن ،خوشحالی اور ترقی کے مقاصد کی حصولیابی کے لئے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ۔جنوب مشرقی ایشیائی ملکوں کی تنظیم (آسیان)چوٹی کانفرنس سے الگ پیر کو یہاں وزیراعظم نریندرمودی اور جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے علاقائی مجموعی اقتصادی شراکت (آر سی ای پی)کے مسئلے پر یہاں اہم میٹنگ شروع ہونے سے پہلے دوطرفہ میٹنگ کی اور باہمی رشتوں کو مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔وزارت خارجہ نے بیان جاری کرکے کہا،“دونوں ملکوں کے وزیراعظم نے اصول پر مبنی حکم کی بنیاد پر آزاداور جامع ہندوستان - بحر الکاہل کا علاقے کے سلسلے میں اپنے عزم کودہرایا۔”واضح رہے کہ مسٹرمودی اور مسٹر آبے کے درمیان پیر کوہوئی اس میٹنگ سمیت پچھلے چار مہینے میں دونوں رہنماوں کی یہ تیسری میٹنگ تھی۔اس سے پہلے دونوں رہنماوں نے ستمبر میں روس کے ولادیووستوک میں ملاقات کی تھی۔مسٹر مودی نے حال ہی میں جاپان کے شہنشاہ کی تاجپوشی پر انہیں مبارکباد دی اور اس تقریب میں صدر رام ناتھ کووند کے شامل ہونے اور ان کے زبردست استقبال کا ذکر کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ اگلے مہینے ہندوستان میں ہونے والے ہندوستان -جاپان سالانہ چوٹی کانفرنس کے دوران مسٹر آبے کا استقبال کرنے کے لئے پرجوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ یہ کانفرنس ہندوستان -جاپان خصوصی حکمت عملی اور عالمی ساجھے داری کو مزید مضبوط بنانے میں کامیاب ثابت ہوگی۔دونوں رہنماوں کی اس ملاقات کے دوران وزیر خارجہ ایس جے شنکر بھی دیگر حکام کے ساتھ موجود تھے ۔وزیراعظم کے دفتر نے آج ٹویٹ کرکے کہا،“جاپان کے ساتھ تعاون کو بہتر کرنے کے سلسلے میں وزیراعظم نریندرمودی اور جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے نے بینکاک میں ملاقات کی۔دونوں سربراہوں کے درمیان وسیع اور مثبت بات چیت ہوئی۔”دوسری جانب ،جاپان کے وزیراعظم کے دفتر کے سینئر افسر توموآکی اشیگاکی نے ٹویٹ کے کہا،“بینکاک میں جنوب -مشرقی ایشیائی ملکوں کی تنظیم (آسیان) چوٹی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شنزو آبے تھائی لینڈ،چین اور ہندوستان سمیت علاقائی رہنماوں کے ساتھ میٹنگ کررہے ہیں۔”وزیراعظم آج آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکا ٹ موریسن اور ویتنام کے وزیراعظم گیون ژیان پھک کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔مسٹر مودی تھائی لینڈ دورے کے آخری دن ،14ویں مشرقی ایشیا چوٹی کانفرنس میں بھی شامل ہوں گے ،جس میں مجموعی ترقی ،دہشت گردی،جنوبی بحیرہ چین،شمالی کوریا اور روہنجیا پناہ گزینوں سے متعلق معاملوں پر بات چیت ہونے کا امکان ہے ۔مسٹر مودی اور مسٹر آبے نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطحی تبادلے سے تحریک پاکر اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا استقبال کیا۔ساتھ ہی دونوں رہنماوں نے ممبئی-احمدآباد 'ہائی اسپیڈ پروجیکٹ' کی ترقی کا جائزہ لیا اور اس پروجیکٹ کو مناسب انداز میں شروع کرنے کے لئے باہمی کوششوں کو فروغ دینے کا عزم دہرایا۔دونوں رہنماوں نے اس ماہ کے آخر میں ہندوستان میں ہونے والی دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کی ملاقات کا بھی خیر مقدم کیا۔
سری نگر میں گرینیڈ حملہ، ایک غیر ریاستی شخص جاں بحق اور 20 دیگر زخمی
سری نگر، 4 نومبر / جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مصروف ترین تجارتی مرکز ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں پیر کے روز ہونے والے ایک گرینیڈ حملے میں ایک غیر ریاستی شخص جاں بحق جبکہ کم از کم 20 دیگر زخمی ہوگئے ۔12 اکتوبر کو اسی جگہ پر ہوئے ایک گرینیڈ حملے میں ایک خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہوئے تھے ۔عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم افراد نے پیر کو دوپہر کے وقت سری نگر کے قلب تاریخی لالچوک سے محض ڈیڑھ سو میٹر کی دوری پر واقع ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں گونی کھن گلی کے نزدیک گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک غیر ریاستی مزدور کی موت واقع ہوئی۔ گرینیڈ دھماکے کی وجہ سے سڑک پر کھڑی کچھ نجی گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوئے اور متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا۔ریاستی پولیس نے گرینیڈ دھماکے کے لئے جنگجوﺅں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا: 'مشتبہ جنگجوﺅں نے مصروف ترین ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں گونی کھن گلی کو جانے والی سڑک پر گرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں کم از کم 20 راہگیر زخمی ہوئے '۔ان کا مزید کہنا تھا: 'زخمیوں کو فوری طور پر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں ایک غیر ریاستی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا'۔سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ گرینیڈ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن چلایا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے علاقہ میں چیکنک پوائنٹس کو متحرک کیا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ یہ گرینیڈ حملہ اس وقت کیا گیا جب وادی کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی اور ریاست کی دو حصوں میں تقسیم کے خلاف جاری ہڑتال 92 ویں دن میں داخل ہوگئی۔ تاہم پیر کے روز بھی اگرچہ وادی کے یمین و یسار میں بازار دن کے وقت بند ہی رہے تاہم صبح اور شام کے وقت بازار کھلے رہنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کی جزوی بحالی سے معمولات زندگی قدرے بحال ہوتے ہوئے نظر آئے تھے ۔