نئی دہلی، یکم نومبر(ایس ایم نیوز)راجدھانی میں دم گھوٹنے والی آلودگی کی وجہ سے جمعہ کو حکومت نے دہلی کے سبھی اسکولوں کو پانچ نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔
وزیراعلی اروند کیجری وال نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ آلودگی کی وجہ سے دہلی کے سبھی اسکول 5 نومبر تک بند رہیں گے ۔مسٹر کیجری وال نے کہا کہ “دہلی میں پرالی کے بڑھتے دھوئیں کی وجہ سے آلودگی کی سطح بہت زیادہ ہوگئی ہے ۔ اس لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہلی کے سبھی اسکول 5 نومبر تک بند رہیں گے ۔”
رسوئی گیس سلنڈر 76 روپے مہنگا
نئی دہلی ، یکم نومبر(ایس ایم نیوز) پیازاورآلو سمیت مختلف اشیاءکی مہنگائی سے دوچار صارفین کو اب رسوئی گیس کی بڑھی قیمتوں سے بھی دوچار ہو نا پڑے گا کیونکہ غیر سبسڈی والا رسوئی گیس سلنڈر جمعہ سے 76 روپے مہنگا ہو گیا ۔ تیل مارکیٹنگ کے شعبے کی معروف کمپنی انڈین آئل کے مطابق دہلی میں سلنڈر 76 روپے مہنگا ہوکر 681.50 روپے کا ہو گیا ۔ رسوئی گیس سلنڈر میں یہ مسلسل تیسرے ماہ اضافے ہوا ہے ۔ اکتوبر میں قیمت 605.50 روپے تھی ۔ حکومت رسوئی گیس صارفین کو ایک مالی برس میں 14.2 کلو گرام کے 12 سلنڈر سبسڈی شرح پر دیتی ہے ۔ اس سے زیادہ لینے پر مارکیٹ کی قیمت دینی ہوتی ہے ۔ سبسڈی براہ راست صارفین کے بینک اکاونٹ میں ڈالی جاتی ہے ۔ملک کے تین دیگر بڑے شہروں میں کولکتہ میں غیر سبسڈی والا گیس سلنڈر ابھی 706 روپے کا جہاں اکتوبر میں یہ 630 روپے کا تھا ۔ اقتصادی شہر ممبئی میں قیمت 76.50 روپے بڑھ کر 651 روپے اور چنئی میں 76 روپے کااضافہ ہونے سے 696 روپے کا ہو گیا ۔
بلو لائن پر دھواں نکلنے کے سبب میٹرو کو خالی کروانا پڑا
نئی دہلی، یکم نومبر(ایس ایم نیوز)دوارکا سے نوئیڈا سٹی سینٹر جانے والی بلو لائن کی ایک ٹرین کے ڈبے میں آج چنگاری کی وجہ سے دھواں نکلنے لگا جس کے نتیجے میں میٹرو ٹرین کو خالی کروانا پڑا۔
بلو لائن پر چلنے والی یہ ٹرین جب تقریباً ڈیڑھ بجے رام کرشن آشرم روڈ پر اسٹیشن پر پہنچنے والی تھی تو آخری ڈبے میں اسپارکنگ کے بعد دھواں نکلنے لگا جس سے مسافروں میں افرا تفری مچ گئی۔ اس کی اطلاع ٹرین آپریٹر کو دی گئی جس کے بعد ٹرین کو خالی کروا لیا گیا۔ اس حادثے میں کسی بھی مسافر یا ٹرین کو کسی طرح کاکوئی نقصان نہیں پہنچا۔ مسافروں کے مطابق ٹرین میں پہلے سے ہی کچھ دقت تھی اوریہ تمام اسٹیشن پر رک رک کر چل رہی تھی۔ ٹرین کو خالی کروائے جانے کی وجہ سے کچھ وقت کے لیے ٹریک پر اس کے پیچھے کئی ٹرینوں کو روکنا پڑا۔ٹرین کو خالی کروانے کے بعد رام کرشن آشرم پر مسافروں کے اژدہام میں اضافہ ہوگیا۔ بھیڑ کے پیش نظر کچھ مسافرسفر ادھورا چھوڑ کر اسٹیشن سے باہر نکل گئے ۔ بعد ازاں یکے بعد دیگرے کئی ٹرین آنے کی وجہ سے کچھ دیر میں مسافروں کی بھیڑ منتشر ہوگئی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی بلو لائن پراس طرح کے واقعات ہوچکے ہیں۔