پاکستان نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا


اسلام آباد، 25 اکتوبر (یو این آئی)پاکستان کے وزارت خارجہ نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے نزدیک مبینہ طور سے بغیر کسی اشتعال انگیزی کے ہندوستانی فوج کے ذریعہ کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی مذمت کی اور ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیہ کو جمعہ کو طلب کیا۔پاکستانی وزارت خارجہ نے یہاں اپنے بیان میں کہا ہے کہ جمعرات کو ہندوستانی فوج نے بغیر کسی اشتعال انگیزی کے اندھا دھند گولی باری کی جس میں تین شہریوں کی موت ہوگئی اور ایک چار سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان کی جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن اور سلامتی کے لئے خطرہ ہے اور اس کے نتیجہ میں اسٹریٹیجک صورت حال پیدا ہوسکتی ہے ۔مسٹر اہلووالیہ کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان نے ہندوستان سے سال 2003 کے معاہدے کا خیال رکھنے ، جنگ بندی کی مختلف واقعات کی جانچ کرانے اور ہندوستانی فوج کو جنگ بندی کے معاہدے کے پاسداری کرنے کی اپیل کی۔واضح رہے کہ اس ہفتہ کے ابتدا میں پاکستانی فوج کے ترجمان نے الزام عائد کیا تھا کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے پاکستان کے رہائشی علاقوں میں گولی باری کی وجہ سے ایک جوان سمیت چار شہریوں کی موت ہوگئی تھی۔