کلکتہ، 21اکتوبر(یو این آئی) ہند نژاد ابھیجیت بنرجی کو اکانومی میں نوبل انعام ملنے کی وجہ غیر ملکی اہلیہ قرار دینے پر بی جے پی لیڈر راہل سنہا کو کرارا جواب دیتے ہوئے ابھیجیت کی ماں نرملا دیوی بنرجی نے کہا کہ اگر بیرون ملک میں شادی ہی کرنے کی وجہ سے نوبل انعام ملتا ہے تو راہل سنہا بھی دوسری شادی کرکے ہندوستان کیلئے نوبل انعام لے کر آجاتے ہیں تو اس سے بڑھ کر خوشی کی اور بات کیا ہوسکتی ہے ۔خیال رہے کہ ابھیجیت بنرجی کو نوبل انعام ملنے کے بعد جہاں ہندوستان میں بڑے پیمانے پر مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے وہیں بی جے پی لیڈران اس کو متنازع بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔بنگا ل بی جے پی کے سینئر لیڈر راہل سنہا نے گزشتہ دنوں ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ نوبل انعام ملنے میں غیر ملکی اہلیہ کا اہم کردار ہوتا ہے ۔نوبل انعام یافتہ امرتیہ سین کو بھی نوبل انعام ملا ہے ۔ان کی بھی اہلیہ غیر ملکی ہیں۔راہل سنہا کے متنازع بیان کی چوطرفہ تنقید ہورہی ہے ۔
ابھیجیت بینرجی کے اقتصادیات کے نوبل انعام ملنے پرممتانے کیاکہا
اس سے قبل مرکزی وزیر پیوش گوئل نے نوبل انعام ملنے پر ابھیجیت بنرجی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہو بائیں محاذنظریات کے حامل ہیں، گزشتہ دنوں انہوں نے کانگریس کے انتخابی منشور کی تیاری میں مدد کی تھی اور نیائے یوجنا کو پیش کیا تھا جسے ہندوستان کے عوام نے رد کردیا تھا۔مرکزی وزیر کے بیان نوبل انعام یافتہ ابھیجیت بنرجی نے کہا تھا کہ مرکزی وزیر یہ بیان ان کیلئے توہین آمیز ہیں۔وہ کسی بھی پارٹی سے وابستہ نہیں ہیں اگر بی جے پی چاہے گی تو وہ ملک کی بگڑتی ہوئی معیشت کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔کلکتہ میں ہی تعلیم حاصل کرنے والے ابھیجیت بنرجی کے والددیپک بنرجی پریڈنسی کالج جو اب یونیورسٹی ہوچکا ہے شعبہ معاشیات کے صدر رہ چکے ہیں۔ان کی ماں نرملا دیوی سنٹر فار اسٹڈیز سوشیل سائنس میں پروفیسر رہ چکی ہیں۔نرملا دیوی نے کہا تھا کہ ابھیجیت بنرجی کو نوبل انعام ملنا صرف ان کے خاندان کیلئے نہیں بلکہ بنگال اور پورے ملک کیلئے قابل فخر لمحہ ہے ۔