نوٹ گننے کے لئے لانی پڑی مشین، 47 لاکھ روپے کی نقد رقم اور 37 لاکھ کے زیورات برآمد
بھوپال، 24 اکتوبر/ مدھیہ پردیش کے ہائی پروفائل ہنی ٹرےپ معاملے کی جانچ میں مصروف خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جمعرات کو کیس کی کلیدی ملزم شویتا وجے جین کے بھوپال واقع آئی سی آئی سی آی بینک کے لاکر کھلوائے ، جس میں ٹیم کو 47 لاکھ روپے کی نقد رقم اور 37 لاکھ روپے کے زیورات برآمد ہوئے۔ . ٹیم کو نوٹ گننے کے لئے مشین منگوانی پڑی۔ غور طلب ہے کہ اس ہائی پروفائل ہنی ٹرےپ معاملے میں پولیس نے پانچ خواتین کو اندور اور بھوپال سے گرفتار کیا تھا جن میں شویتا وجے جین، شویتا سوپنل جین، برکھا سونی، آرتی دیال اور مونیکا یادو شامل ہیں۔ پانچوںملزمین فی الحال عدالتی حراست میں اندور کی جیل میں ہیں۔ معاملے کی ماسٹر مائنڈ شویتا وجے جین ہے، جس نے دیگر خواتین کے ساتھ مل کر لیڈروں اور حکام کے قابل اعتراض ویڈیو بنا کر ان سے کروڑوں کی وصولی کی۔ اس معاملے کی جانچ پولیس ہیڈکوارٹرکے ذریعہ قائم کردہ خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کر رہی ہے۔ ایس آئی ٹی کی ٹیم جمعرات کی صبح شویتا کو لے کر اندور سے بھوپال پہنچی اور یہاں پربھات چوراہے پر واقع آئی سی آئی سی آئی بینک کا لاکر کھلوایا گیا۔ تجوری کو دیکھ کر ایس آئی ٹی کے حکام کی آنکھیں کھلی کی کھلیں رہ گئی، کیونکہ وہاں نوٹوں کی گڈیوں اور زیورات کے ڈھیر لگے ہوئے تھے۔ ٹیم نے تجوری کو خالی کراکر نقدی اور زیور بینک منیجر کے کیبنمیں منگوائے اور اس کے بعد نوٹ گننے کی مشین سے نوٹ گنواے۔ گنتی میں نوٹ 47 لاکھ روپے نکلے جبکہ زیورات کی قیمت کا اندازہ تقریباً37 لاکھ روپے لگایا گیا۔ اس سے پہلے بھی شویتا جین کے بھوپال واقع ایچ ڈی ایف سی بینک کا لاکر ایس آئی ٹی کی ٹیم کھلوا چکی ہے، جس میں 13 لاکھ روپے کی نقد رقم برآمد ہوئی تھی۔ ٹیم نے مذکورہ رقم اور زیورات ضبط کر لیے ہیں اور فی الحال آگے کی کارروائی جاری ہے۔