نئی دہلی، 24اکتوبر (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہاکہ ہریانہ اور مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج سے واضح ہے کہ بی جے پی کو کسی بھی الیکشن میں شکست دی جاسکتی ہے ۔آئی این ایکس میڈیا میں تہاڑجیل میں عدالتی حراست میں بند سابق مرکزی وزیر کی طرف سے ان کے کنبہ نے دونوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج پر ٹوئٹ میں کہا کہ پرامن حب الوطنی بزور بازو مسلط کی جانے والی قوم پرستی کو شکست دے سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کو یہ یقین ہونا چاہئے کہ الیکشن میں بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے ۔ایک بار جب لوگوں کا خوف ختم ہوجائے گا تو کرشمہ ہوسکتا ہے ۔اس بار ایگزٹ پول کے نتائج کے برعکس، جن میں مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ ہریانہ میں بھی بی جے پی کے لئے ایک شاندار جیت کی پیشن گوئی کی گئی تھی، دونوں ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹوں کی گنتی کے نتائج اور رجحانات میں بی جے پی کو صرف ایک معمولی اکثریت کی طرف بڑھتادکھایا ہے ۔ کانگریس نے دونوں ہی ریاستوں میں بی جے پی کو سخت ٹکر دی ہے ۔
بی جے پی کو کسی بھی الیکشن میں شکست دی جاسکتی ہے : چدمبرم