نئی دہلی ،16اکتوبر (یواین آئی)کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے معیشت کے تعلق سے حکومت کو ایک بارپھر نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اعدادوشمار تبدیل کرنے کی لاکھ کوششوں کے باوجود اسکا جھوٹ چھپ نہیں رہاہے اور اب بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف )نے بھی ہندستان کی شرح نمو کے تخمینہ کو کم کردیاہے ۔محترمہ گاندھی نے ٹویٹ کیا،“ عالمی بینک کے بعد آئی ایم ایف نے بھی ہندستان کی شرح نمو کے تخمینہ میں کمی کردی ہے ۔بھارتیہ جنتاپارٹی نے شرح نمو خوبصورت تصویر پیش کرنے کے لیے مجموعی داخلی پیداوار (جی ڈی پی )کے اعدادوشمار میں تبدیلی کی ،حقائق چھپائے ا ور جھوٹ بولا لیکن پھر بھی کچھ کام بنتا نظر نہیں آرہاہے ۔ ”انھوں نے طنز کیا کہ“ حکومت زمین پر کام کرنے کے بجائے صرف دکھاواکررہی ہے اور جھوٹے اعدادوشمار پیش کررہی ہے جسے ووتبدیل کررہی ہے لیکن سچائی چھپ نہیں پارہی ہے ۔کیونکہ سچائی چھپ نہیں سکتی کبھی جھوٹے اصولوں سے ۔”کانگریس کی مشرقی اترپردیش کی انچارج جنرل سکریٹری نے اس سے قبل اترپردیش میں ہوم گارڈ ہٹائے جانے کے تعلق سے یوگی حکومت پر حملہ کیا اور کہا،“ بی جے پی حکومت نے اترپردیش میں کام کررہے 25ہزار ہوم گارڈوں کو دیوالی سے کچھ ہی دن پہلے ملازمت سے ہٹانے کا فیصلہ کیاہے ۔اترپردیش میں امن وقانون کی صورت حال انتہائی خراب ہے ۔ایسے میں زیادہ محافظوں اور پولیس فورس کی ضرورت پڑتی ہے لیکن بی جے پی حکومت کے سرپر پتہ نہیں کیافتور سوار ہے ۔ ”
عالمی بینک کے بعد آئی ایم ایف نے بھی دکھایاحکومت کو آئینہ:پرینکا گاندھی