ڈی یو کو قومی ادارہ بنانے کی تجویز ملتوی


نئی دہلی،26اکتوبر(یو این آئی) دہلی یونیورسٹی (ڈی یو)کو قومی ادارہ بنانے کی تجویز فی الحال ملتوی کر دی گئی ہے ۔غورطلب ہے کہ گذشتہ دنوں ڈی وی کو قومی ادارے کا درجہ دیا گیا تھا لیکن اساتذہ نے فنڈنگ سمیت مزید دیگر مسائل کے سلسلے میں اس کی مخالفت کی تھی۔ یونیورسٹی کی ایگزیکٹو میٹنگ میں بھی اساتذہ نے اس کی شدید مخالفت کی تھی۔ نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ کے رہنما اور ایگزیکٹو ممبر وی ایس نیگی نے اجلاس میں کہا کہ انتظامیہ نے پہلے اس تجویز پر متعلقہ فریقوں سے رائے کیوں نہیں لی تھی؟ اس نے یونیورسٹی کی ایگزیکٹو کونسل سے پہلے کیوں غوروخوض نہیں کیا؟ایگزیکٹوممبر راجیش جھا کا کہنا ہے کہ ہم لوگ انتظامیہ سے قومی اہمیت کا ادارہ بنانے کے تعلق سے حکومت کی ہدایات اور دیگر دستاویز کا مطالبہ کئی دنوں سے کر رہے ہیں لیکن وہ ہمیں نہیں دیا جا رہا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ ہم قومی اہمیت کا درجہ حاصل کرکے خود مختار ہوجائیں گے لیکن یہ کیسی خودمختاری ہے ؟ ان اساتذہ کا کہنا ہے کہ وہ یونیورسٹی کو قومی ادارہ بنائے جانے پر اکیڈمک کونسل اور ایگزیکٹو کونسل کو تحلیل کیے جانے کے حق میں ہیں۔