کرتارپور صاحب کے درشن کے لے لگائی گئی 20ڈالر کی فیس پاکستان سے معاف کرنے کی اپیل
چنڈی گڑھ (یواین آئی)پنجاب کے وزیراعلی کیپٹن امرندر سنگھ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے کرتارپور گردوارہ کے درشن کے لیے جانے والے عقیدت مندوں پر لگائی گئی 20ڈالر کی فیس معاف کرنے کی اپیل کی ہے ۔وزیراعلی نے اپنے ٹویٹ میں مسٹر خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا،“ میں عمران خان سے پاکستان حکومت کے ذریعہ کرتار پور صاحب آنے والے عقیدت مندوں پر لگائی گئی 20ڈالر فیس معاف کرنے کی اپیل کرتاہوں جس سے وہ اس مقدس مقام کا درشن دیدار کرسکیں ۔پوری سکھ برادری اس نیک کام کے لیے پاکستان کی ممنون ہوگی ۔”کیپٹن سنگھ نے کل ایک بیان میں کہاکہ کرتارپور میں گرونانک دیو اپنی زندگی کے آخری ایام میں رہے ۔فیس نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ پاسپورٹ لازمی ہونا اور عقیدت مندوں کے ذریعہ تیس دنوں سے پہلے کا نوٹس دینا وغیرہ شرائط عقیدت مندوں کی خواہشات کی تکمیل میں حائل ہونگی ۔عقیدت مندوں میں بہت سے غریب ہیں جویہ فیس دینے سے قاصر ہیں اوعر گروصاحب کے دیدار کو بے تاب ہیں۔لوگوں کو اس تاریخی گردوارے کے ' کھلے درشن 'کے موقع سے محروم نہ کیاجائے ۔ انھوں نے کہاکہ کرتارپور گلیارہ کی تعمیراصل مقصد پہلے سکھ گرو نانک دیو جی کے 550ویں پرکاش پرو کے موقع پر عقیدت مندوں کو مفت داخلہ کی سہولت فراہم کرنا ہے اور یہ شرائط اس مقصد کی تکمیل میں رکاوٹ پیداکرتی ہیں ۔