رحیم یار خان،31اکتوبر(یواین آئی)کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے قریب گیس سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد ہلاک جبکہ 40سے زائد مسافر زخمی ہوگئے ۔ ٹرین کو یہ حادثہ صبح 6:15 منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور کے چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا۔روزنامہ 'ڈان' کے مطابق رحیم یار خان کے ڈسٹرک پولیس افسر (ڈی پی او) نے ٹرین حادثے میں 74افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک شدگان میں سے کسی کی بھی اب تک شناخت نہیں ہوسکی۔ریسکیو اہلکاروں کے مطابق آگ کی شدت بہت زیادہ تھی جس نے تیزی سے دوسری بوگیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو مقامی افراد کی مدد سے قریبی شیخ زید اسپتال ، بہاولپور وکٹوریہ اسپتال اور ملتان کے اٹالین برن یونٹ منتقل کیا گیا جبکہ ضلع بھر کے دیگر اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آگ ٹرین کی بوگی نمبر 3 میں موجود سلنڈر پھٹنے سے لگی جس نے تیزی سے مزید 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرہ بوگیوں میں سوار مسافر رائیونڈ اجتماع میں شرکت کے لیے جارہے تھے اور آتشزدگی کی لپیٹ میں آنے والی تینوں بوگیاں خصوصی طور پر بک کروائی گئی تھی۔متاثرہ بوگیوں میں زیادہ تر مرد حضرات سوار تھے جن کے پاس کھانا بنانے کے لیے سلنڈر بھی موجود تھا۔عینی شاہدین کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے ٹرین میں دھماکہ ہوا جس کے آواز سن کر دیگر مسافر تخریب کاری کے خطرے کے پیش نظر چلتی ہوئی ٹرین سے کود گئے ۔حکام کے مطابق چلتی ٹرین سے ریلوے ٹریک کے قریب پتھروں پر کودنے کے باعث زیادہ مسافر زخمی ہوئے جن میں 3 سے 4 خواتین بھی شامل ہیں۔حادثہ کے بعد سب سے پہلے مقامی افراد نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹرین کی اکانومی کلاس میں موجود سلنڈر پھٹنے سے بوگیوں میں آگ لگی، جس پر مسافر ناشتہ بنارہے تھے اس کے ساتھ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2 گھنٹے میں ٹریک بحال کردیا جائے گا۔
پاکستان: ٹرین میں دھماکہ، 74 افراد ہلاک 40زخمی