نئی دہلی، 22 اکتوبر (یواین آئی) سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اور سینئر کانگریسی لیڈر پی چدمبرم کو آئی این ایکس میڈیا کرپشن معاملہ میں سی بی آئی کی جانب سے درج کیس میں ضمانت دے دی ہے ۔مسٹر چدمبرم اس کے باوجود رہا نہیں ہو سکیں گے کیونکہ وہ اس میڈیا گروپ سے متعلق کالے دھن کو سفید بنانے (منی لانڈرنگ) کے ایک اور معاملہ میں 24 اکتوبر تک ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ) کی حراست میں ہیں۔جسٹس آر بھانومتی کی صدارت والی بنچ نے منگل کو پی چدمبرم کو ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا۔ انہوں نے کہا“درخواست گزار کو ضمانت پر رہا کیا جا سکتا ہے ، بشرطیکہ وہ کسی دوسرے معاملہ میں گرفتار نہ ہو”۔خیال رہے سابق وزیر خزانہ نے دہلی ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد عدالت عظمیٰ میں اپیل کی تھی۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کے بعد دہلی ہائی کورٹ کا فیصلہ غیر م ¶ثر ہو جائے گا۔مسٹر چدمبرم فی الحال اسی معاملہ میں ای ڈی کی حراست میں ہیں۔ عدالت عظمیٰ کا یہ فیصلہ سی بی آئی کے معاملہ سے منسلک ہے اور اس کاای ڈی کے معاملہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔مسٹر چدمبرم کو ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے پر ضمانت دی گئی ہے ۔ عدالت نے سابق وزیر خزانہ کو ہدایت دی کہ جانچ ایجنسی انہیں جب بھی پوچھ گچھ کے لئے بلائے گی، انہیں حاضر ہونا ہوگا۔ اس کے علاوہ وہ ملک سے باہر بھی نہیں جا سکیں گے ۔قابل غور ہے کہ سی بی آئی نے مسٹر چدمبرم کو 21 اگست کو شب میں ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا۔واضح رہے سی بی آئی نے میڈیا کمپنی آئی این ایکس میڈیا کے خلاف 15 مئی 2017 کو ایف آئی آر درج کی تھی۔ الزام ہے کہ آئی این ایکس میڈیا گروپ کو 305 کروڑ روپے کے غیر ملکی فنڈ لینے کے لئے 2007 میں 'فارن انوسٹمنٹ پروموشن بورڈ' کی منظوری دینے میں کئی طرح کی بے ضابطگیاں کی گئیں۔ کمپنی کو جب یہ منظوری دی گئی تھی، اس وقت پی چدمبرم وزیر خزانہ تھے ۔
آئی این ایکس میڈیا: چدمبرم کو ضمانت